سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ
Gold price hike
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سونے کی قیمت میں تین روزہ کمی کے بعد پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

فی تولہ سونا 1600 روپے مہنگا ہوکر نئی بلند سطح پر پہنچ گیا ہے، جس نے سرمایہ کاروں اور خریداروں دونوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔

آل پاکستان صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق فی تولہ سونا اب 3 لاکھ 59 ہزار 700 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ 10 گرام سونا 1371 روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 8 ہزار 384 روپے کا ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 16 ڈالر بڑھ کر 3,372 ڈالر پر جا پہنچا ہے، جو حالیہ ہفتوں کی ایک اہم تبدیلی سمجھی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو پَر لگ گئے

اس کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں فی تولہ چاندی 65 روپے اضافے کے ساتھ 4 ہزار 87 روپے پر پہنچ گئی ہے، جبکہ عالمی مارکیٹ میں چاندی کا فی اونس ریٹ 0.65 ڈالر بڑھ کر 39.03 ڈالر ہوگیا ہے۔

ذہن نشین رہے کہ گزشتہ ہفتے سونے کی قیمتوں میں لگاتار 3 روز تک کمی دیکھی گئی تھی، تاہم اب اس میں غیر متوقع اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو عالمی مالیاتی حالات اور طلب و رسد کے نظام کا عکس قرار دیا جا رہا ہے۔