
وفاقی ادارہ شماریات نےچینی کی قیمتوں کےنئےاعدادوشمارجاری کردیئے۔
ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 200 روپے فی کلو تک ہوگئی، ملک میں چینی کی اوسط قیمت بڑھ کر 188 روپے 44 پیسے فی کلو پر پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتےمیں چینی کی اوسط قیمت میں3 روپے 52 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا، ملک میں چینی کی اوسط قیمت 188 روپے 44 پیسے فی کلو ہے ، گزشتہ ہفتے تک چینی کی اوسط قیمت 184 روپے 92 پیسے فی کلو تھی جبکہ ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط قیمت 145 روپے 88 پیسے کلوتھی۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی،اسلام آباد اور راولپنڈی میں چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ،لاڑکانہ میں چینی 195، سیالکوٹ اورلاہورمیں چینی 192 روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی
اسی طرح گوجرانوالہ، ملتان ،حیدرآباد اور پشاور میں چینی 190 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے ،کوئٹہ اورخضدار میں چینی کی قیمت 188 روپے فی کلو تک میں دستیاب ہے، فیصل آباد ،سرگودھا ،بہاولپور اور بنوں میں چینی کی قیمت 185 روپے فی کلو تک ہے ،سکھر میں فی کلو چینی 180 روپے تک بیچی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق جولائی تا مئی کے دوران ملک سے 7 لاکھ 65 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی جس سے 112 ارب روپے سے زائد آمدن حاصل ہوئی تاہم برآمدات نے مقامی مارکیٹ میں چینی کی دستیابی کو متاثر کیا جس کے باعث اس کی قیمتوں میں بے قابو اضافہ ہوا۔