پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نیا سنگِ میل عبور کرلیا
Pakistan Stock Exchange
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی مارکیٹ میں زبردست مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، ہنڈرڈ انڈیکس نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 1 لاکھ 34 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر لی۔

منگل کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ دیکھا گیا، جس کے باعث مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔ دورانِ ٹریڈنگ 700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور ہنڈرڈ انڈیکس 134,165 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

ماہرینِ معیشت کے مطابق حکومت کی جانب سے مالیاتی استحکام کی کوششیں، آئی ایم ایف پروگرام میں پیشرفت، اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری نے مارکیٹ میں تیزی کو تقویت دی ہے۔

علاوہ ازیں بینکنگ، توانائی اور ٹیکنالوجی سیکٹرز میں سرمایہ کاری میں اضافہ بھی مارکیٹ کے مثبت رجحان کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پرائز بانڈز جیتنے والے نان فائلرز اور فائلرز پر ودہولڈنگ ٹیکس نافذ

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ نے شاندار کارکردگی دکھائی تھی، جب ہنڈرڈ انڈیکس 1421 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 133,370 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ مسلسل دو دنوں میں انڈیکس میں مجموعی طور پر 2200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ اقتصادی اور سیاسی صورتحال مستحکم رہی تو اسٹاک مارکیٹ کی یہ تیزی آئندہ دنوں میں بھی برقرار رہ سکتی ہے، جس سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا۔