
پیر کے روز کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان غالب رہا، جب کہ انٹربینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں کمی واقع ہوئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 780 پوائنٹس کا زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1,25,159 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔ سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی، معاشی اشاریوں میں بہتری اور سیاسی استحکام کی امید نے مارکیٹ کو سہارا دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بجٹ کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات بھی بڑھتے جا رہے ہیں، جس کا اثر اسٹاک مارکیٹ میں دیکھا جا رہا ہے۔ کچھ ماہرین نے اس تیزی کو بین الاقوامی خام تیل کی قیمتوں میں استحکام اور روپے کی قدر میں بہتری سے بھی جوڑا ہے۔
دوسری جانب انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 10 پیسے کی کمی ہوئی، جس کے بعد ڈالر 283 روپے 62 پیسے میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو نہ صرف مارکیٹ میں مزید بہتری آئے گی بلکہ مہنگائی پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔
سرمایہ کار حلقوں نے موجودہ رجحان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ دنوں میں مارکیٹ مزید مستحکم ہوگی۔