
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 13 ڈالر اضافے کے بعد 3 ہزار 343 ڈالر تک جا پہنچی ہے۔ اس اضافے کا اثر پاکستانی مارکیٹ پر بھی پڑا، جہاں سونے کی قیمتوں نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1 ہزار 335 روپے کا اضافہ ہوا ہے،جس کے بعد ریٹ 3 لاکھ 56 ہزار روپے تک جا پہنچا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1 ہزار 144 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،نتیجے میں قیمت 3 لاکھ 5 ہزار 212 روپے تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب کاروباری ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمت میں اضافے کی وجہ عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی اور سیاسی تناؤ ہے۔ سرمایہ کار اس صورتحال میں سونے کو محفوظ سرمایہ کاری تصور کرتے ہوئے اس کا رُخ کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر سستا
واضح رہے کہ پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں اضافے نے صارفین کو پریشان کر دیا ہے۔ شادی بیاہ کا سیزن ہو یا عام صارف، مہنگا سونا عام لوگوں کی دسترس سے باہر ہورہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں کا یہ اتار چڑھاؤ مستقبل میں بھی جاری رہ سکتا ہے۔
ذہن نشین رہے کہ سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان پچھلے کچھ ہفتوں سے برقرار ہے اور ممکنہ طور پر یہ صورت حال آنے والے دنوں میں بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔