
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، برینٹ کروڈ کی قیمت 2اعشاریہ صفر 8ڈالر یعنی 2 اعشاریہ 9فیصد کمی کے ساتھ 69اعشاریہ 40ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔ اس سے قبل سیشن کے دوران اس میں 4 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی اور یہ 11 جون کے بعد کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ آئل کی قیمت 2 اعشاریہ صفر 3ڈالر یعنی 3.0 فیصد کمی کے ساتھ 66 اعشاریہ 48ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے، جبکہ سیشن کے دوران اس میں 6 فیصد تک کی کمی دیکھنے میں آئی تھی جو کہ 9 جون کے بعد کی سب سے کم ترین سطح تھی۔
یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کا اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا اعلان
واضح رہے کہ ٹرمپ نے پیر کی رات یہ اعلان کیا تھا کہ ایران اور اسرائیل دونوں نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ ایران فوری طور پر جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کرے گا جبکہ اسرائیل 12 گھنٹے کے بعد اس پر عمل شروع کرے گا۔ اگر جنگ بندی برقرار رہی تو 24 گھنٹوں کے بعد جنگ سرکاری طور پر ختم سمجھی جائے گی۔ یاد رہے یہ جنگ 12 دن تک جاری رہی۔
اس خبر کے بعد تیل کی مارکیٹ میں جغرافیائی سیاسی خطرات کا دباؤ کم ہو گیا ہے۔ قیمتوں میں یہ کمی ایک غیر مستحکم دور کے بعددیکھنے میں آئی ہے۔ تیل کی قیمتیں اس وقت پانچ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں جب امریکہ نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تھا۔ تاہم، جنگ بندی کے اعلان کے بعد مارکیٹ کے رجحان میں تبدیلی دیکھنے میں آئی اور پچھلے سیشن میں برینٹ اور WTI دونوں کی قیمتیں 7 فیصد سے زائد گر گئیں۔