پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی
Pakistan Stock Market
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے اختتام سے قبل مندی کا شدید رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

کاروبار کے آغاز پر ہی سرمایہ کاروں میں بے یقینی کا ماحول غالب رہا، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس 2154 پوائنٹس کی بھاری کمی سے نیچے آگیا۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 100 انڈیکس 124093 پوائنٹس سے کم ہو کر 121928 کی سطح پر آ گیا ہے۔ یہ کمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اچانک کمی اور عالمی و علاقائی سیاسی غیر یقینی صورتحال کا شاخسانہ قرار دی جا رہی ہے۔

ذہن نشین رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، جہاں 2148 پوائنٹس کے اضافے کے بعد انڈیکس 126000 کی بلند ترین سطح عبور کر گیا تھا۔ اسی طرح جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز پر 855 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا، جس سے انڈیکس 125208 پوائنٹس پر پہنچا اور نئی بلندی کو چھوا۔

یہ بھی پڑھیں:ایران پر حملے کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ موجودہ جغرافیائی کشیدگی، بین الاقوامی مالیاتی غیر یقینی صورتحال اور خطے میں جنگی امکانات سرمایہ کاروں کو محتاط کر رہے ہیں، جس کا اثر مارکیٹ پر واضح نظر آ رہا ہے۔

دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی، ڈالر 7 پیسے سستا ہو کر 282 روپے 40 پیسے پر آ گیا ہے، تاہم اس کمی کا اسٹاک مارکیٹ پر کوئی واضح مثبت اثر نہیں پڑا۔

ماہرین توقع کر رہے ہیں کہ آئندہ چند روز میں ملکی سیاسی اور معاشی استحکام کے اشارے مارکیٹ کے رجحان کو متعین کریں گے۔