ایران پر حملے کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
Oil Price Surge
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے عالمی منڈی کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اچانک 10 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 76 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جبکہ امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) 75 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔

سرمایہ کاروں اور تجزیہ کاروں کے مطابق اس اضافے کی بنیادی وجہ خطے میں بڑھتی ہوئی جنگی صورتحال اور تیل کی سپلائی لائنز پر ممکنہ خطرات ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی کارروائیاں کی ہیں، جن میں دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے دوران دھماکوں کی زور دار آوازیں سنی گئیں اور کئی مقامات پر دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی فی تولہ قیمتوں میں آج بھی ہزاروں روپے کا اضافہ

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ کشیدگی مزید بڑھتی ہے تو تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جو عالمی معیشت پر منفی اثرات ڈالے گا۔ بالخصوص ترقی پذیر ممالک، جن کا انحصار درآمدی تیل پر ہے، شدید معاشی دباؤ کا شکار ہو سکتے ہیں۔

عالمی مارکیٹ میں اس اچانک تبدیلی نے سرمایہ کاروں کو بھی محتاط کر دیا ہے، بہت سے ممالک اپنے تیل کے ذخائر اور درآمدی معاہدوں پر نظر ثانی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ صورتحال دن بہ دن نازک ہوتی جا رہی ہے، دنیا کی نظریں اب مشرق وسطیٰ میں ہونے والی ہر پیش رفت پر لگی ہوئی ہیں۔