آئندہ مالی سال کیلئے 17 ہزار 600 ارب کا وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائیگا
 آئندہ مالی سال 26-2025 کیلئے 17ہزار 600 ارب روپے کا وفاقی بجٹ آج سہ پہر قومی اسمبلی میں پیش ہوگا۔
بجٹ 26-2025 فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) آئندہ مالی سال 26-2025 کیلئے 17ہزار 600 ارب روپے کا وفاقی بجٹ آج سہ پہر قومی اسمبلی میں پیش ہوگا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وفاق کی آئندہ مالی سال کل آمدن 19 ہزار 300 ارب روپے تک رہنے کا اندازہ ہے ،آئندہ مالی سال ایف بی آر کا ہدف 14 ہزار 300 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے ،ایف بی آر ٹیکس ہدف حاصل کرنے کیلئے ٹیکنالوجی اور انتظامی اختیارات کا استعمال بڑھائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی ٹیکس آمدن میں سے 57 فیصد صوبوں کو منتقل ہوتے ہیں، صوبوں کو ٹیکس محاصل میں سے تقریبا 8 ہزار 300 ارب روپے دیئے جائیں گے ،آئندہ مالی سال کے دوران ساڑھے 6 ہزار ارب روپے کے لگ بھگ بجٹ خسارہ کا تخمینہ ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں قرضوں پر سود ادائیگیوں کیلئے 8 ہزار 500 ارب روپے کا تخمینہ ہے ، آئندہ مالی سال وفاقی ترقیاتی پروگرام کیلئے ایک ہزار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ، مالی سال 26-2025 کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 0.5 فیصد ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی میں واضح کمی ، جی ڈی پی میں اضافہ ترقی کی علامت ہے، وزیر خزانہ

ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ مالی سال کیلئے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا اندازہ 2.1 ارب ڈالر لگایا گیا ہے ، آئندہ مالی سال کیلئے برآمدات کا ہدف 35 ارب 30 کروڑ ڈالر مقرر کیا گیا ، آئندہ مالی سال کیلئے درآمدات کا ہدف 65 ارب 20 کروڑ ڈالر جبکہ ترسیلات زر کا ہدف 39 اعشاریہ 4 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں ایک ہزار انڈسٹریل سٹیچنگ یونٹس قائم کرنے کیلئے 25 کروڑ روپے بجٹ میں مختص کیے گئے ہیں، لیپ ٹاپ سکیم اور پاکستان بنگلہ دیش فرینڈ شپ سکالرشپ پروگرام بھی متعارف کرایا جائے گا ، گاؤں میں بجلی ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بہتر کیا جائے گا۔

آئندہ مالی سال 2800 میگاواٹ بجلی کی کپیسٹی کو مزید بڑھایا جائے گا ، آئندہ مالی سال ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے منصوبے پر کام کیا جائے گا۔