سونے کی فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی
عالمی و ملکی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونا سستا ہو گیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) عالمی و ملکی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونا سستا ہو گیا۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی صرافہ بازاروں میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 300 روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹ میں سونےکے نرخ 3 لاکھ 44 ہزار 200 روپے سے کم ہو کر 3 لاکھ 41 ہزار 900 روپے پر آگئے ہیں۔

جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا کہ ملکی صرافہ بازاروں میں 24 قیراط کے 10 گرام سونے کے نرخوں میں بھی 1972 روپے کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ملک بھر میں 10 گرام سونا 2 لاکھ 95 ہزار 96 روپے سے کم ہو کر 2 لاکھ 93 ہزار 124 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونا 23 ڈالر فی اونس سستا ہوا ہے جس بعد عالمی صرافہ مارکیٹ میں ایک اونس سونا 3 ہزار 235 ڈالر میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔

ادھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی ہیٹرک مکمل نہ ہو سکی، کاروباری ہفتے کے تیسرے روز 39 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 18 ہزار 536 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ میں 60 کروڑ 90 لاکھ حصص کی تجارت ہوئی جبکہ کاروباری سودے 41ارب 91 کروڑ روپے میں طے پائے۔

مندی کے باوجود حصص کی مالیت میں 6 ارب روپے کا اضافہ ہوا جس سے سرمایہ کاروں کو فائدہ ہوا جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 14 ہزار 211 ارب روپے پر بند ہوئی۔

علاوہ ازیں کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 5 پیسے سستا ہوا ہے،انٹربینک میں ڈالر کا لین دین 281 روپے 72 پیسے پر بند ہوا۔