سونے کی فی تولہ قیمت میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی
 عالمی و ملکی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمت میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
فائل فوٹو
کراچی : (سنو نیوز) عالمی و ملکی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمت میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی صرافہ بازاروں میں آج 10 ہزار 400 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 50 ہزار 900 روپے سے کم ہو کر 3 لاکھ 40 ہزار 500 روپے پر آگئی۔

اسی طرح عالمی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی اونس سونے کے نرخوں میں 119 ڈالر کی کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد عالمی صرافہ بازاروں میں فی اونس سونا 3 ہزار 225 ڈالر میں فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ہوا، پی ایس ایکس100انڈیکس میں 10ہزار 123 پوائنٹس کی ریکارڈ تیزی دیکھی گئی، آج انڈیکس ایک لاکھ 17 ہزار 298 پوائنٹس پر بند ہوا۔

سٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی کے سبب سرمایہ کاروں نے 4 ارب ڈالر کا غیر معمولی منافع کمایا، مقامی کرنسی میں منافع کا حجم 1123 ارب روپے سے زائد رہا، آج مارکیٹ میں 73کروڑ 28 لاکھ حصص کی تجارت ہوئی جبکہ کاروباری سودے 30 ارب روپے میں طے پائے اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن ایک بار پھر 14 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئی۔

ادھرکرنسی مارکیٹ میں روپے کی قیمت میں بہتری ہوئی، انٹر بینک میں آج پاکستانی روپے کی قدر میں 14 پیسے کا اضافہ جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر کا لین دین 281 روپے 57 پیسے پر بند ہوا۔