
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس فیصلے سے بھارت کی جانب سے پاکستان کی قسط روکنے کی درخواست کو مسترد کیا گیا ہے جس کے بعد بھارت کے تمام دباؤ کے باوجود پاکستان کو مزید مالی امداد حاصل ہوگی۔
آئی ایم ایف نے بھارت کی درخواست کو نظرانداز کرتے ہوئے پاکستان کے قرض پروگرام کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور اس کی اگلی قسط کی منظوری دے دی، بھارت نے آئی ایم ایف سے پاکستان کی قسط رکوانے کے لیے رابطہ کیا تھا لیکن عالمی مالیاتی ادارے نے اس کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے پاکستان کے حق میں فیصلہ کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 25 مارچ کو سٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا اور اس معاہدے کے تحت 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر پہلے ہی پاکستان کو مل چکے ہیں جبکہ باقی رقم کی ادائیگی اقساط کی صورت میں جاری رہے گی۔
پاکستان کے لیے معاشی محاذ پر یہ ایک اہم کامیابی ہے جس سے نہ صرف معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی مالی پوزیشن مزید مستحکم ہو سکے گی۔