سولر بیٹریوں کی قیمت میں نمایاں کمی
عوام کے لئے اچھی خبر آگئی، رواں ماہ میں لیتھیئم اور ٹیوبولر بیٹریوں کی قیمت میں 15 سے 20 ہزار روپے تک کمی آئی ہے
رواں ماہ میں لیتھیئم اور ٹیوبولر بیٹریوں کی قیمت میں 15 سے 20 ہزار روپے تک کمی آئی ہے/فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) عوام کے لئے اچھی خبر آگئی، رواں ماہ میں لیتھیئم اور ٹیوبولر بیٹریوں کی قیمت میں 15 سے 20 ہزار روپے تک کمی آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں یو پی ایس اور سولر بیٹریوں کی قیمتوں میں اپریل 2025 کے دوران ردوبدل دیکھا گیا ہے۔ جہاں روایتی بیٹریوں کی قیمت میں معمولی اضافہ ہوا ہے وہیں لیتھیم بیٹریاں سستے داموں دستیاب ہیں۔ جس سے صارفین کو بجلی کے متبادل ذرائع میسر آ رہے ہیں۔ اس کے علاؤہ سولر پینلز بھی سستے ہوئے ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق لیتھیئم بیٹری کی قیمت میں 20 ہزار روپے تک کمی آئی ہے۔ بیٹری کی پرانی قیمت 4 لاکھ روپے تک تھی مگر نئی قیمت 3 لاکھ روپے 80 ہزار روپے ہوگئی۔ اسی طرح ٹیوبولر بیٹری کی قیمت میں 15 ہزار روپے تک کمی آئی ہے۔ ٹیوبولر بیٹری کی پرانی قیمت 70 ہزار روپے جبکہ نئی قیمت 55 ہزار روپے ہوگئی۔

حالیہ رپورٹ کے مطابق، سولر پینلز کی قیمت 30 سے 28 روپے فی واٹ تک پہنچ گئی ہے، جونمایاں کمی ہے۔ اس کمی کو ماہرین درآمدات میں اضافے اور حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اویس لغاری کے مطابق پاکستان نے گزشتہ سال 8,000 میگاواٹ کے سولر پینلز درآمد کیے۔ اب مقامی سطح پر سولر انورٹر اور دیگر اشیاء کی تیاری کے پلانٹس لگانے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے، جس سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔