سونے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ
a women wearing gold
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو ایک اور بڑا جھٹکا، ملک میں سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 8600 روپے کا ہوشربا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد سونا 3 لاکھ 48 ہزار روپے فی تولہ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 7373 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد 10 گرام سونا 2 لاکھ 98 ہزار 353 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 86 ڈالر بڑھ کر 3310 ڈالرز فی اونس ہو گئی ہے، جو گزشتہ کئی مہینوں کی بلند ترین سطح ہے۔

ماہرینِ معیشت  کے مطابق ڈالر کی قدر عالمی افراط زر اور جغرافیائی سیاسی کشیدگیوں کے باعث سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر ترجیح دے رہے ہیں، جس سے اس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

دوسری جانب عام صارفین اور زیورات کے خریدار مہنگے داموں سونا خریدنے پر پریشان نظر آ رہے ہیں۔ سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے شادیوں کی تیاری کرنے والے گھروں کا بجٹ بھی متاثر کر دیا ہے۔