
پیر کے روز مارکیٹ میں مثبت رجحان غالب رہا اور ہنڈرڈ انڈیکس میں 1186 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1,186 پوائنٹس کے اضافے سے 116,039 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ دن کے دوران انڈیکس ایک موقع پر 116,177 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو بھی چھو گیا، جو حالیہ دنوں میں مارکیٹ کیلئے ایک حوصلہ افزا اشارہ ہے۔
یہ اضافہ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر انڈیکس کی سطح سے خاصا بلند ہے، جب جمعہ کے روز انڈیکس 114,853 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ سرمایہ کار حلقوں کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری کی توقعات، آئی ایم ایف سے ممکنہ ڈیل اور مستحکم سیاسی ماحول نے مارکیٹ کو سہارا دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں اسٹاک مارکیٹ مزید بلندیوں کی جانب جا سکتی ہے۔ سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ محتاط رہتے ہوئے سرمایہ کاری کریں اور مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ پر گہری نظر رکھیں۔
کاروباری برادری نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اقتصادی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھے تاکہ مارکیٹ کا اعتماد مزید بحال ہو سکے۔



