مہنگا سونا مزید مہنگا ہوگیا
Gold Price Surge
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) پاکستان میں سونے کی قیمتیں ایک بار پھر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

عالمی سطح پر جاری اقتصادی عدم استحکام اور تجارتی جنگوں کے اثرات کے باعث سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ امریکی اقدامات اور روس و یوکرین کی جنگ کے باعث عالمی سطح پر مہنگائی اور کساد بازاری کے اثرات مزید بڑھ گئے ہیں، جس کی وجہ سے سونے کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے۔

اس کے نتیجے میں عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں مزید 10 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس سے فی اونس سونے کی قیمت 3084 ڈالر تک پہنچ گئی، جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔

عالمی منڈی میں اضافے کے بعد پاکستانی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ 24 قیراط کے سونے کی فی تولہ قیمت 1620 روپے کے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 25 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے، جو کہ ملکی تاریخ کی سب سے بلند قیمت ہے۔

اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1389 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 78 ہزار 635 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود چاندی کی قیمتوں میں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ فی تولہ چاندی کی قیمت 30 روپے کی کمی سے 3580 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 27 روپے کم ہو کر 3069 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔