سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافہ، نئی قیمتیں سامنے آگئیں
Cement price increase
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان میں سیمنٹ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق 20 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے مختلف شہروں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔

شمالی پاکستان میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1380 روپے ریکارڈ کی گئی، جو پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 4.34 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح جنوبی شہروں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1382 روپے رہی، جو پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 0.12 فیصد زیادہ ہے۔

اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، پشاور اور دیگر شہروں میں سیمنٹ کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔ اسلام آباد میں قیمت 1375 روپے فی بوری، لاہور میں 1450 روپے فی بوری تک پہنچ گئی۔ فیصل آباد اور ملتان میں بھی قیمت 1370 روپے کے قریب ریکارڈ کی گئی۔

علاوہ ازیں کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں بھی سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، جہاں کراچی میں قیمت 1314 روپے فی بوری، سکھر میں 1450 روپے اور حیدرآباد میں 1340 روپے ریکارڈ کی گئی۔

یہ اضافہ تعمیراتی شعبے پر اثرات ڈال سکتا ہے، جس سے مکانوں کی تعمیر اور دیگر منصوبوں کی لاگت میں اضافے کا خدشہ ہے۔ سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوامی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے، کیونکہ یہ اضافہ عملاً روزمرہ کے اخراجات پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔