حکومت کا کرپٹو کرنسی کو قانونی شکل دینے کا فیصلہ
 حال ہی میں پاکستان کرپٹو کونسل میں وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر تعینات ہونے والے بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کے حصول کیلئے کرپٹو کرنسی کو قانونی حیثیت دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) حال ہی میں پاکستان کرپٹو کونسل میں وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر تعینات ہونے والے بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کے حصول کیلئے کرپٹو کرنسی کو قانونی حیثیت دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔

پاکستان کے کرپٹو ایڈوائزر بلال بن ثاقب نے غیر ملکی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں پاکستان میں کرپٹو کرنسی کے مسقبل کے حوالے سے اپنا وژن پیش کیا۔

بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ ہم اب مزید انتظار نہیں کریں گے، ہم کاروبار دوست قانونی فریم ورک کے خواہاں ہیں تاکہ سرمایہ کاری کو تقویت ملے اور کرپٹو کرنسی پاکستان میں فروغ پا سکے کیونکہ یہ کم لاگت مگر تیزی سے ترقی کرتی ہوئی مارکیٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں کرپٹو کرنسی کو قانونی بنانا چاہتے ہیں، پاکستان کے پاس غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مواقع موجود ہیں، پاکستان دبئی اور سنگاپور جیسے مراکز کے مقابلے میں کرپٹو کاروبار کے لیے زیادہ موزوں اور کم لاگت والا مقام بن سکتا ہے۔

بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں کرپٹو کرنسی پر ایسا متوازن اور ترقی دوست ٹیکس نظام اپنانا چاہتے ہے جو ملک میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دے، امریکی صدر بنیادی طور پر پالیسی کا رخ بدل رہے ہیں کیونکہ انہوں نے ایگزیکٹو آرڈرز کے ذریعے ریگولیٹری اداروں کو ڈیجیٹل اثاثوں کو قبول کرنے کی ہدایت دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کرپٹو کو قومی ترجیح بنا رہے ہیں اور ہر ملک، بشمول پاکستان کو اسی راستے پر چلنا ہوگا، ورنہ ہم پیچھے رہنے کے خطرے سے دوچار ہوں گے۔