سٹیٹ بینک کا شرح سود 12 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ
 سٹیٹ بینک آف پاکستان نے دو ماہ کیلئے شرح سود کو 12 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے دو ماہ کیلئے شرح سود کو 12 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شرح سود میں دو ماہ کیلئے ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔

مرکزی بینک کے مطابق فروری 2025ء میں مہنگائی توقعات سے کم رہی جس کا بنیادی سبب غذااور توانائی کی قیمتوں میں آنے والی کمی تھی،جنوری 2025ء میں جاری کھاتہ 0.4 ارب ڈالر کے خسارے میں بدل گیا یہ پچھلے چند ماہ سے فاضل تھا۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مالی سال 25ء کی پہلی ششماہی میں بڑے پیمانے کی اشیا ءسازی کی پیداوار کم ہوئی ، دسمبر 2024ء میں بڑی اشیا ءکی صنعت سازی میں 19.1 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا تھا۔

مرکزی بینک کی جانب سے مستقبل میں مہنگائی میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، سٹیٹ بینک کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء، بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی شرح میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ مہنگائی کو 5سے 7 فیصد تک برقرار رکھنے کیلئے مرکزی بینک نےمحتاط زری پالیسی کا موقف اپنایا ہے، توقع ہے کہ مرکزی بینک کے ذخائر جون 2025 تک بڑھ کر 13ارب ڈالر سے متجاوز کر جائیں گے۔