رمضان کی آمد: گھی کی قیمتوں میں حیران کن اضافہ
Ghee price increase
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) رمضان المبارک کی آمد سے قبل گھی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں شروع ہونے والا خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ رُکنے کا نام نہیں لے رہا۔ ابھی رمضان المبارک شروع نہیں ہوا اور گھی کی قیمت میں اضافہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔

گھی کی قیمت 10 روپے مزید اضافے کے بعد 560 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ تین، چار ماہ کے دوران مجموعی طور پر خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں 100 روپے فی کلو سے زائد اضافہ ہو چکا ہے۔

صدر کریانہ مرچنٹس طاہر ثقلین بٹ کا کہنا تھا کہ پہلے قیمتیں بڑھا کر رمضان میں قیمتیں کم کرنے کا ڈرامہ ہوگا، انتظامیہ گھی بنانے والی کمپنیوں پر چیک اینڈ بیلنس رکھے، عالمی مارکیٹ میں سویا بین، پام آئل سستا، یہاں گھی مہنگا ہو رہا ہے، گھی کی قیمتیں کنٹرول نہ ہوئیں تو احتجاج کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان اپنی خوردنی تیل کی ضروریات پوری کرنے کیلئے زیادہ تر درآمدات پر انحصار کرتا ہے اس لیے درآمد کنندگان عالمی منڈی کو جواز بنا کر جب مرضی خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیتے ہیں۔