
حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا عندیہ دے دیا ہے۔ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) نے مالی سال 2024-25 کی دوسری سہ ماہی کیلئے تقریباً 52.123 ارب روپے (تقریباً 2 روپے فی یونٹ) کی منفی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 12 فروری 2025 کو ان درخواستوں پر عوامی سماعت کرے گا، جس کے بعد مارچ 2025 سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
واضھ رہے کہ ان درخواستوں میں 50.658 ارب روپے کی منفی ایڈجسٹمنٹ روپے کی قدر میں بہتری اور شرح سود میں کمی سے متعلق ہے۔ اس کمی کا اثر مارچ، اپریل اور مئی کے مہینوں میں بجلی کے نرخوں پر پڑے گا، جس سے عوام کو خاطر خواہ فائدہ پہنچے گا اور بڑا ایک بڑا ریلیف ملے گا۔
مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے اپریل 2025 سے صنعتی صارفین کیلئے مزید 7 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔ اس کمی کے نتیجے میں مجموعی طور پر 9 سے 10 روپے فی یونٹ تک بجلی سستی ہونے کا امکان ہے، جو صنعتی شعبے کیلئے خوش آئند ثابت ہوگا۔
خیال رہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف عوامی بوجھ کو کم کرے گا بلکہ معیشت میں بہتری کی راہیں بھی کھولے گا۔ اس اقدام سے توانائی کے شعبے میں استحکام آئے گا اور ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں کمی سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آنے کی توقع ہے۔