پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان برقرار

ایک شخص پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے دوران منفی رجحان دیکھ مایوس کھڑا ہے/ فائل فوٹو
January, 29 2025
کراچی: (سنو نیوز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ٹریڈنگ کے دوران منفی رجحان برقرار رہا جس کے باعث 100 انڈیکس میں 543 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں فروخت کے دباؤ کے باعث 100 انڈیکس میں مندی کی ہیٹرک مکمل ہوگئی۔ انڈیکس ایک لاکھ 11 ہزار 487 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ تین روز میں 3 ہزار 393 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ مارکیٹ میں 44 کروڑ 92 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔ کاروباری سودے 28 ارب روپے میں طے پائے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 13 ہزار 738 ارب روپے رہی۔
دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر 6 پیسے سستا ہونے کے بعد 278 روپے 87 پیسے کا ہوگیا۔ اوپن مارکیٹ میں روپیہ 9 پیسے مہنگا ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 280 روپے 82 پیسے میں فروخت ہوا۔
ادھر ایک روز کی بڑی کمی کے بعد سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا اور ایک تولہ سونا 2300 روپے مہنگا ہونے کے بعد 2 لاکھ 88 ہزار 700 روپے میں فروخت ہوا۔