نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے سٹیٹ بینک کا بڑا اعلان
گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرح سود مزید ایک فیصد کم کرتے ہوئے 13 فیصد سے گھٹا کر کے 12 فیصد کر دی اور ساتھ ہی نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے بتا دیا
گورنر سٹیٹ بینک نے رواں سال نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹ مارکیٹ میں جاری کرنے کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرح سود مزید ایک فیصد کم کرتے ہوئے 13 فیصد سے گھٹا کر کے 12 فیصد کر دی اور ساتھ ہی نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے بتا دیا۔

پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت ہیں، مہنگائی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ خاطر خواہ کم ہوئے، مہنگائی مئی 2023 میں 38 فیصد تھی جو کم ہوکر 4.1 فیصد رہی، جنوری میں مہنگائی مزید کم ہوگی۔ انہوں نے کہا کرنٹ اکاؤنٹ کھاتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں سرپلس رہا، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہنے کے سبب زرمبادلہ کے ذخائربڑھے، جون تک مہنگائی کی شرح 5 سے 7 فیصد بینڈ کی اوپرکی سطح پر رہیگی۔

گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا ورکرز ترسیلات اور برآمدات کے نمبر اچھے ہیں، ملک میں مجموعی زرمبادلہ ذخائر 16.19 ارب ڈالر ہیں، ان کا کہنا تھا جولائی میں مہنگائی کی شرح 11.50 فیصد رہنے کا اندازہ تھا، مالی سال 2025 میں مہنگائی کی شرح 5.5 سے 7.5 فیصد رہیگی، مالی سال 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ کھاتہ 0.5 فیصد خسارے سے 0.5 فیصد سرپلس کے درمیان رہیگا۔ انہوں نے کہا معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، زرمبادلہ ذخائر مالی سال 2025 کے اختتام تک 13 ارب ڈالر ہوں گے، قرضوں کی ادائیگی اورکم ان فلوز کے سبب زرمبادلہ ذخائر میں جنوری میں کچھ کمی ہوئی اور مالی سال 2025 میں جی ڈی پی نمو 2.5 سے 3.5 فیصد رہیگی۔ کمیٹی نے گزشتہ اجلاس سے اب تک ہونے والی اہم پیش رفتوں کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا زری پالیسی کمیٹی نے نوٹ کیا بڑے پیمانے کی اشیا سازی میں سست روی کا رجحان جو صنعتی نمو کو نیچے کی طرف کھینچ رہا ہے، دراصل کچھ کم اہم شعبوں مثلاً فرنیچر کی وجہ سے ہے ۔ اس کے برعکس ٹیکسٹائل، خوراک ، مشروبات اور گاڑیوں جیسے اہم صنعتی شعبوں نے قابلِ ذکر بہتری دکھائی ہے۔ زری پالیسی کمیٹی مستقبل میں اقتصادی سرگرمیوں میں مزید اضافے اور حقیقی جی ڈی پی کی نمو سابقہ تخمینے 2.5 سے 3.5 فیصد کی رینج میں رہنے کی توقع کرتی ہے۔

گورنر سٹیٹ بینک نے رواں سال نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹ مارکیٹ میں جاری کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2025 میں کرنسی نوٹ کے نئے ڈیزائن والے نوٹ مارکیٹ میں جاری کر دیں گے، نئے ڈیزائن مرحلہ وار پرنٹ کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا سٹیٹ بینک نئے نوٹ کی ٹیکنیکی ویلیوایشن کررہا ہے۔ نئے نوٹ کو جلد منظوری کیلئے کابینہ کے سامنے پیش کریں گے اور 2025 میں پاکستان کا پہلا نیا نوٹ جاری ہوجائے گا تاہم پہلے کتنی مالیت کا نیا کرنسی نوٹ آئے گا وہ ابھی نہیں بتا سکتا۔ ان کا کہنا تھا سال 2025 میں مرحلہ وار نئے کرنسی ڈیزائن کے نوٹ سرکولیشن میں آجائیں گے، مختلف مالیت کے نئے نوٹ ایک ساتھ نہیں بتدریج جاری ہوں گے۔