گاڑی رجسٹریشن کیلئے رہائشی ضلع کی شرط ختم
محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن نے موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965 کے سیکشن 24 میں ترمیم کی کابینہ سے منظوری حاصل کر لی
شو روم میں نئی گاڑیاں فروخت ہونے کے لئے کھڑی ہیں/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن نے موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965 کے سیکشن 24 میں ترمیم کی کابینہ سے منظوری حاصل کر لی جس کے تحت پنجاب کے موٹر وہیکلز مالکان کو اب گاڑی رجسٹرڈ کرانے کیلئے اپنے مستقل رہائشی ضلع کی شرط ختم کر دی گئی۔

ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کا کہنا ہے کہ پنجاب کے رہائشی اب کسی بھی ضلع میں اپنی گاڑی رجسٹرڈ کرا سکیں گے۔ ترمیم کا مقصد موٹروہیکلز پر قوانین کے اطلاق میں آسانی اور ای چالاننگ میں سہولت و جدت کا فروغ ہے۔ ترمیم میں گاڑیوں کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی۔ محکمہ ایکسائز 2020 سے پنجاب میں ایک ہی سیریز کے تحت رجسٹریشن نمبر الاٹ کر رہا ہے۔ رجسٹرڈ گاڑیوں کے مالکان کو ٹوکن ٹیکس کی آن لائن ادائیگی، بائیو میٹرک سے وہیکلز کی آن لائن ٹرانسفر اور ای رجسٹریشن کارڈ جیسی اضافی سہولتیں بھی دی جا رہی ہیں۔

پنجاب میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی فیلڈ آپریشنز اور سڑکوں پر ناکوں کے دوران گاڑیوں اور مالکان کے کوائف کی آن لائن تصدیق ممکن بنائی جا رہی ہے جس سے ٹریفک قوانین کے نفاذ میں بہتری آئے گی۔ موٹر وہیکل آرڈیننس میں مجوزہ ترمیم کی حتمی منظوری پنجاب اسمبلی سے لی جائے گی۔

ڈی جی نے بتایا محکمہ ایکسائز نے مالی سال 2024-25 کے پہلے چھ ماہ میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 30.453 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کیا، پچھلے سال کی نسبت ریونیو میں 23 فیصد اضافہ ہوا۔