پاکستان کے تجارتی خسارے میں کمی
Pak Trade
اسلام آباد:(سنو نیوز)پاکستان کے ادارہ شماریات نے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) میں تجارتی خسارے میں 5.6 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تجارتی خسارہ 6 ارب 97 کروڑ ڈالر سے زائد رہا،جبکہ پچھلے سال اسی عرصے میں یہ خسارہ 7 ارب 39 کروڑ ڈالر تھا۔

رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں پاکستان کی برآمدات میں 13.45 فیصد کا زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے،جولائی تا اکتوبر برآمدات کا حجم 10 ارب 88 کروڑ ڈالر تک ریکارڈ کیا گیا ہے،جبکہ پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں برآمدات کا حجم 9 ارب 59 کروڑ ڈالر تھا،جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی معیشت میں مثبت تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔

دوسری جانب رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں درآمدات میں 5.17 فیصد کا زبردست اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔جولائی اور اکتوبر میں درآمدات 17 ارب 85 کروڑ ڈالر رہیں۔گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں درآمدات کی مالیت 16 ارب 98 کروڑ ڈالر تھی۔

ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر میں مجموعی برآمدات میں سالانہ 10.64 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،اکتوبر میں برآمدات 2 ارب 97 کروڑ ڈالر تک رہیں۔جبکہ گزشتہ مالی سال اکتوبر میں برآمدات 2 ارب 69 کروڑ ڈالر کی تھیں۔

اسی طرح ستمبر کی نسبت اکتوبر میں برآمدات میں 4.90 فیصد اضافہ دیکھنے میں ملا،جبکہ ستمبر میں برآمدات 2 ارب 83 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھیں۔دوسری جانب اکتوبر میں درآمدات 4 ارب 47 کروڑ ڈالر رہیں،جبکہ گزشتہ سال اکتوبر میں درآمدات 4 ارب 86 کروڑ ڈالر تھیں۔

رپورٹس کے مطابق ستمبر کے مقابلے اکتوبر میں درآمدات میں 3.93 فیصد کمی ہوئی ہے،جبکہ ستمبر میں درآمدات 4 ارب 65 کروڑ ڈالر تھیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری کی جانب گامزن ہے،جس کی ایک اہم وجہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہے۔