مشرق وسطیٰ میں کشیدگی:خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ؟
Crude Oil
اسلام آباد:(سنو نیوز) مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع اور کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔

تازہ ترین صورتحال کے مطابق، لبنان پر اسرائیلی حملے کے بعد خام تیل کی قیمت میں 0.94 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں برینٹ آئل کی قیمت بڑھ کر 72.27 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔

لبنان پر ہونے والے حالیہ اسرائیلی حملے نے نہ صرف مشرق وسطیٰ کی صورت حال کو مزید بگاڑ دیا ہے،بلکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ماہرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی بڑھتی ہے تو آئندہ دنوں میں تیل کی سپلائی لائنز میں مزید تعطل کا خدشہ ہے، جس سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہ سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق، لبنان پر مزید حملوں کی صورت میں خطے میں تیل کی ٹرانسپورٹ اور شپنگ لائنز متاثر ہو سکتی ہیں، جس سے نہ صرف تیل کی برآمدات میں کمی واقع ہو سکتی ہے بلکہ خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ بھی متوقع ہے۔ اس کشیدگی سے متاثر ہونے والی شپنگ لائنز مشرق وسطیٰ کے حساس راستوں سے گزرتی ہیں، جو عالمی تیل کی ترسیل کا ایک بڑا حصہ ہیں۔

موجودہ صورتحال کے تناظر میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور سپلائی متاثر ہونے کے باعث پاکستان میں بھی تیل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔