ایشیائی ترقیاتی بینک کی 2 ارب ڈالر قرض نرم شرائط پر دینے کی یقین دہانی
 Asian Development Bank
اسلام آباد: (سنو نیوز) آئی ایم ایف کے نئے قرض پروگرام کے بعد عالمی مالیاتی اداروں سے امداد ملنا شروع ہو جائے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے 2 ارب ڈالر کا قرض نرم شرائط پر دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک آئندہ چار سالوں میں پاکستان کو 8 ارب ڈالر تک کا قرض فراہم کر سکتا ہے۔ عالمی بینک کی طرف سے ایک ارب ڈالر کا قرض ملے گا۔ دوست ممالک نے بھی آئی ایم ایف پروگرام کے بعد امداد فراہمی کی یقین دہانی کروائی ہے۔

سعودی عرب اور چین کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ سعودی عرب تیل و گیس، ریکوڈک اور ایئرپورٹس میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ چین ایم ایل ون منصوبے ہائی ویز اور پن بجلی گھروں کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔

آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہت بہتری آئے گی۔ آئی ایم ایف پروگرام بحالی  سے نجکاری پروگرام میں تیزی آنے کی امید ہے۔ عالمی کمپنیاں ڈسکوز اور جنکوز کی نجکاری میں شرکت کریں گی۔