حکومت کا پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ
Image

اسلا م آباد:(سنونیوز)عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی فی بیرل قیمت میں اضافے اور ڈالر کی قدر بڑھنے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چند دنوں سے یہ چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر کمی کی جائے گی، تاہم حماس اسرائیل جنگ کے باعث پوری دنیا میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث حکومت کی جانب سے عوام کے لیے پیٹرول میں ریلیف دینا ناممکن ہوگیا تھا۔

نگران حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں معمولی کمی کا امکان تھا تاہم حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی ردو بدل نہیں کیا البتہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے کی کمی کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 15 اکتوبر کو نگران حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کی فریاد سنتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی تھی، پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 40 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے کمی کردی گئی تھی۔

اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں کا نوٹی فیکیشن

پیٹرول 40 روپے کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 283 روپے ہوگئی تھی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 اکتوبر کو رات 12 بجے سے کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ یکم اکتوبر 2023ء کو نگران حکومت کی جانب سے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تھی۔ اس وقت پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر کی کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 22 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی تھی۔

اوگرا کے نوٹی فیکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت 214 روپے 85 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 303 روپے 18 پیسے ہوگی تھی۔