مکیش امبانی کو دھمکی آمیز ای میل، 400 کروڑ روپے کا مطالبہ
Image

ممبئی: (سنو نیوز) دنیا کے امیر ترین شخص اور ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی کو گذشتہ چار دنوں میں تیسری دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔ اس میں ان سے 400 کروڑ روپے دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ممبئی پولیس کے حوالے سے منگل کو بتایا کہ پیر کو ایک نامعلوم شخص نے یہ ای میل ریلائنس انڈسٹریز کو بھیجی۔ اس میں نقصان سے بچنے کے لیے 400 کروڑ روپے دینے کی دھمکی دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق کمپنی کو گزشتہ چار دنوں میں ایسی تین ای میلز موصول ہوئی ہیں۔ جمعہ کو بھیجے گئے پہلے ای میل میں 20 کروڑ روپے دینے کا کہا گیا تھا لیکن ہفتہ کو موصول ہونے والی دوسری ای میل میں اس رقم کی مانگ بڑھ کر 200 کروڑ روپے ہو گئی۔

اس کے ساتھ ہی پیر کو موصول ہونے والی تیسری ای میل میں یہ رقم بڑھا کر 400 کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔ جیسے ہی ممبئی پولیس کو پہلا ای میل موصول ہوا، امبانی کےسیکیورٹی انچارج کی شکایت پر گام دیوی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی۔

ممبئی پولیس کے مطابق اس کی کرائم برانچ اور سائبر ٹیم ای میل بھیجنے والے کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ خیال رہے کہ پچھلے سال بھی امبانی اور ان کے خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی تھیں۔ اس سلسلے میں بہار کے دربھنگہ سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔