وزارتِ خزانہ کیجانب سے اکتوبر کی معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری
Image
اسلام آباد:(سنو نیوز) وزارتِ خزانہ نے اکتوبر کی معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے، وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے آغاز سے ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی اگست میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 0.5 فیصد کا اضافہ ہوا، گذشتہ سال اسی عرصہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں منفی 1.3 فیصد کمی ہوئی تھی، ماہانہ بنیاد پر اگست میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 8.4 فیصد کا اضافہ ہوا ۔ سالانہ بنیادوں پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 2.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، غذائی اشیاء، ملبوسات، پیٹرولیم مصنوعات، کمیکلز، فارما اور مشینری اور آلات کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، رواں مالی سال کپاس کی پیداوار 1 کروڑ 15 لاکھ گانٹھوں سے زائد ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال چاول کی پیداوار میں 18 فیصد اضافے سے 86 لاکھ ٹن تک ہو گی، رواں سال ٹریکٹرز کی فروخت میں 64 فیصد اضافے سے 12 ہزار ٹریکٹرز سے زائد ہو گئی، گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں رواں مالی ترسیلات زر میں 19.8 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے پہلے تین ماہ میں 7.9 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 6.3 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، رواں مالی سال برآمدات میں 5 فیصد اور درآمدات میں 23.8 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ گذشتہ سال 7.4 ارب ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں رواں سال 7 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں گذشتہ مالی کے مقابلے میں 58.1 فیصد کمی ہوئی، رواں مالی سال براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ یہ بھی پڑھیں: حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال سٹیٹ بینک کے مالی ذخائر میں اضافہ ہوا، گذشتہ مالی سال سٹیٹ بینک کے مالی ذخائر 7 ارب ارب 36 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھے، رواں مالی سال 7 ارب 49 کروڑ ڈالر کے مالی ذخائر ریکارڈ کئے گئے۔ ایف بی آر محصولات میں 25 فیصد اور نان ٹیکس آمدنی میں 114.7 فیصد کا اضافہ ہو ا ہے، رواں مالی سال مالی خسارے میں گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں 17.6 فیصد اضافہ ہوا، گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 25.1 فیصد مہنگائی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 29 فیصد مہنگائی ریکارڈ کی گئی، ایک سال میں ڈالر کی قدر میں 59.02 روپے کا اضافہ ہوا، رواں مالی سال کے باقی مہینوں میں معیشت بہتری کی جانب گامزن ہونے کا امکان ہے ، روپے کی قدر میں بہتری اور مہنگائی میں مزید کمی کا امکان ہے۔