میسی نے آٹھویں مرتبہ بہترین فٹبالر کا ایوارڈ ‘بیلن ڈی اور’ جیت لیا
Image
پیرس:(سنو نیوز) ارجنٹائن کے سٹار فٹبالر لیونل میسی کی ‘بیلن ڈی آور’ پربادشاہت برقرار ہے، پیرس میں منعقدہ تقریب میں لیونل میسی کو سال 2023 کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا گیا۔ وہ آٹھ بار “بیلن ڈی آور” ایوارڈ جیتنے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔ پیرس میں منعقد کی گئی اس تقریب میں میسی کو سال 2023 کا بہترین فٹبال کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اسکے علاوہ میسی کی ارجنٹائن ٹیم کے ساتھی امیلیانو مارٹینیز نے بہترین گول کیپر کی یاشن ٹرافی جیت لی جبکہ انگلینڈ اور ریال میڈرڈ کے مڈ فیلڈر جوڈ بیلنگھم کو کوپا ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ خیال رہے کہ لیونل میسی نے فٹبال ورلڈ کپ 2022 میں ارجنٹائن کو 36 سال بعد تیسری بار ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، میسی نے فٹبال ورلڈ کپ 2022 میں 7 گولز کیے اور 3 گول میں مدد کی جبکہ انہوں نے گذشتہ سیزن کے دوران 41 میچوں میں 21 گولز سکور کیے۔ اسکے علاوہ میسی نے رواں سال امریکی فٹبال کلب انٹر میامی کو پہلی بار لیگز کپ جتوانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا تھا، انہوں نے میجر لیگ کے 14 مقابلوں میں 11 گولز بھی سکور کیے تھے۔ اب تک لیون میسی سب سے زیادہ 8 مرتبہ ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ جیت چکے ہیں، انہوں نے بیلن ڈی اور ایوارڈ پہلی مرتبہ 2009 میں جیتا تھا جبکہ 2010، 2011، 2012، 2015، 2019 اور 2021 میں بھی یہ ایوارڈ میسی کے نام ہی رہا تھا۔ یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے فیفا ورلڈکپ کی میزبانی کے لیے خط لکھ دیا پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے یہ ایوارڈ 5 بار اپنے نام کیا ہوا ہے، رونالڈو نے آخری بار 2017 میں سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ جیتا تھا۔ گذشتہ سال بیلن ڈی اور ایوارڈ فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما کے نام رہا تھا۔ یاد رہے کہ بیلن ڈی اور ایوارڈ فرانس فٹبال کیجانب سے سال کے بہترین فٹبالر کو دیا جاتا ہے جبکہ اس میں دنیا بھر سے 100 صحافی فاتح کیلئے ووٹ کرتے ہیں۔