آندھرا پردیش میں خوفناک ٹرین حادثہ، 9 افراد ہلاک
Image
وجے نگرم: (سنو نیوز) آندھرا پردیش کے وجے نگرم ضلع میں دو مسافر ٹرینوں کے درمیان ٹکر میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وشاکھاپٹنم-رائے گڑا مسافر خصوصی ٹرین نے وشاکھاپٹنم-پلاسا مسافر ایکسپریس کو پیچھے سے ٹکر مار دی، جس کی وجہ سے کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ مقامی انتظامیہ بھی امدادی کاموں میں مدد کر رہی ہے۔ یہ تصادم کنٹاکاپلے اور الامانڈا ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان ہوا۔ وزارت ریلوے کے سینئر حکام نے بتایا کہ پیچھے سے ٹکرانے والی ٹرین کے ڈرائیور نے سگنل چھوڑ دیا تھا۔ ایک افسر نے بتایا کہ ڈرائیور نے ریڈ سگنل عبور کیا، یہ پیچھے سے ٹکراؤ تھا، سامنے لوکل ٹرین بہت سست تھی، تقریباً رینگ رہی تھی۔ حادثے کے بعد ایسٹ کوسٹ ریلوے کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ڈی آر ایم/والٹیئر (ڈویژنل ریلوے منیجر، والٹیئر ڈویژن) اور ان کی ٹیم کے ساتھ موقع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ مقامی انتظامیہ بھی امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ ایکسیڈنٹ ریلیف ٹرینیں اور دیگر ریسکیو آلات کام میں ہیں۔ ریلوے نے ہیلپ لائن نمبر جاری کر دیے ہیں۔ اس حادثے کی وجہ سے چنئی ہاوڑہ ٹرین روٹ پر ٹرین خدمات متاثر ہو گئیں۔ اس روٹ پر چلنے والی کئی ٹرینیں یا تو منسوخ کر دی گئی ہیں یا ان کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم کے دفتر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ریلوے کے وزیر اشونی وشنو سے بات کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ حکام متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ زخمی جلد صحت یاب ہو جائیں۔ ریلوے کے ایک اہلکار کے مطابق ریلوے نے ایکس گریشیا رقم کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اہلکار نے بتایا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ پی ایم او نے ٹویٹر پر کہا کہ وزیراعظم مودی نے ہر مرنے والوں کے لواحقین کے لئے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپے اور ہر زخمی کے لئے 50،000 روپے کی ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے۔ آندھرا پردیش کے وزیر اعلی جگن موہن ریڈی نے اس ٹرین حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور حکام کو فوری طور پر امدادی اقدامات تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے فوری اقدامات کرنے اور وشاکھاپٹنم اور وجیا نگرم کے قریبی اضلاع سے زیادہ سے زیادہ ایمبولینس بھیجنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ زخمیوں کو اچھے علاج کی فراہمی کے لیے قریبی ہسپتالوں میں ہر قسم کے انتظامات کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ریلوے حکام کو حکم دیا کہ وہ محکمہ صحت، پولیس اور ریونیو سمیت دیگر سرکاری محکموں کے ساتھ مل کر فوری امدادی اقدامات کریں اور زخمیوں کو فوری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔