پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئرڈائریکٹر حسن عسکری کا انتقال
Image

لاہور: (سنو نیوز) پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئرڈائریکٹر حسن عسکری شیخ زید ہسپتال میں انتقال کرگئے ۔ مرحوم پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا تھے۔ طبیعت بگڑنے پر آئی سی یو میں منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہوسکے۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل آغا حسن عسکری میں سرطان کی تشخیص ہوئی ہے۔چند دن قبل ان کی طبعیت خراب ہوئی تو ان کےشوکت خانم ہسپتال سے ٹیسٹ کرائے گئے تھے، ان کی رپورٹس سے یہ پتہ چلا کہ ان کو پھیپھڑوں کا کینسر لاحق ہو چکا ہے۔

حسن عسکری کا شمار نہایت پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ ہدایت کاروں میں ہوتا ہے ۔ انہوں نے بے شمار سپرہٹ فلمیں تخلیق کیں۔ 1975 ء میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم"وحشی جٹ"نے جہاں ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کی وہیں، اس فلم نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی نئی راہ بھی متعین کی تھی۔

ہدایت کار حسن عسکری کی یادگار تصویر

حسن عسکری کی اہم فلموں میں تیرے پیار میں، عبد اللہ دی گریٹ، جنت کی تلاش، دل کسی کا دوست نہیں،اچھا شوکر والا، شیر دل، میلہ، دوریاں، تلاش، اک دوجے کیلئے، طوفان، جٹ دا کھڑاک، ہیرا اور خون پسینہ شامل ہیں۔

کچھ دن قبل ہی پاکستان کے مایہ ناز لکھاری ناصر ادیب ، اپنے دیرینہ ساتھی حسن عسکری کی عیادت کیلئے ان کے گھر پہنچے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر حسن عسکری کیساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے پائوں چومے تھے۔ ناصر ادیب نے مطالبہ کیا تھا کہ حسن عسکری کا حکومتی سطح پر علاج معالجہ ہونا چاہیے۔