ایشیاء کپ: بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی ایونٹ سے باہر
Image
ملتان:(ویب ڈیسک)ایشیاء کپ شروع ہونے سے پہلے ہی بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ بنگلادیش بورڈ کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس میں وائرل بخار کی علامات سامنے آئی ہیں، جس کی وجہ سے انکو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وہ ایشیا ءکپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ بنگلہ دیشی وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس کی جگہ ٹیم میں انعام الحق کو شامل کر لیا گیا ہے ،انعام الحق آج سری لنکا میں ٹیم کو جوائن کرلیں گے، ایشیا ءکپ میں بنگلا دیش اور سری لنکا کے مابین میچ 31 اگست کو شیڈولڈ ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کے بیٹر کے ایل راہول بھی ایشیاء کپ کے شروع کے 2 میچز نہیں کھیل سکیں گے، کے ایل راہول ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ کنڈیشنگ کیمپ میں شریک ہیں تاہم وہ 100 فیصد فٹ نہیں ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کے ایل راہول ٹیم کے ہمراہ سری لنکا جائیں گے۔ خیال رہے کہ ایشیاء کپ کی افتتاحی تقریب آج ہوگی، پہلے میچ میں پاکستان اور نیپال کی کرکٹ ٹیمیں آج افتتاحی میچ میں مدمقابل ہونگی، پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ افتتاحی تقریب میں اپنے سر بکھیریں گی، افتتاحی تقریب میں نیپال کی معروف گلوکارہ ٹریشالا گرونگ بھی اپنی آواز کا جادو جگائیں گی ۔ میچ 2:30 بجے ملتان میں شروع ہوگا ، کرکٹ ٹیمیں 12 بجے تک سٹیڈیم میں پہنچ جائیں گی ، میچ کی سیکیورٹی کے لیے فل پروف انتظامات کیے گئے ہیں، 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائیگا، پولیس کیساتھ ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی آن ڈیوٹی ہونگے۔ خیال رہے کہ دوسرے میچ میں 31 اگست کو کینڈی میں بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 2 ستمبر کو کینڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ ایشیاء کپ کا فائنل 17 ستمبر کو کولمبو میں ہوگا۔