Homeکھیلایشیاء کپ: پہلے میچ میں پاکستان اور نیپال مدمقابل،افتتاحی تقریب آج ملتان میں ہوگی

ایشیاء کپ: پہلے میچ میں پاکستان اور نیپال مدمقابل،افتتاحی تقریب آج ملتان میں ہوگی

asia-cup

ایشیاء کپ: پہلے میچ میں پاکستان اور نیپال مدمقابل،افتتاحی تقریب آج ملتان میں ہوگی

ملتان :(سنو نیوز) ایشیاء کپ کی افتتاحی تقریب آج ہوگی، پہلے میچ میں پاکستان اور نیپال کی کرکٹ ٹیمیں آج افتتاحی میچ میں مدمقابل ہونگی، پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ افتتاحی تقریب میں اپنے سر بکھیریں گی، افتتاحی تقریب میں نیپال کی معروف گلوکارہ ٹریشالا گرونگ بھی اپنی آواز کا جادو جگائیں گی ۔

میچ 2:30 بجے ملتان میں شروع ہوگا ، کرکٹ ٹیمیں 12 بجے تک سٹیڈیم میں پہنچ جائیں گی ، میچ کی سیکیورٹی کے لیے فل پروف انتظامات کیے گئے ہیں، 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائیگا، پولیس کیساتھ ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی آن ڈیوٹی ہونگے۔

ایشیاء کپ کا پہلا میچ آج پاکستان اور نیپال کے مابین کھیلا جائے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم گرم رہنے کا امکان ہے، شائقین کرکٹ کے لئے سٹیڈیم انٹری کے لیے گیٹ 11 بجے کھول دیے جائیں گے۔

شائقین کو فاطمہ جناح ٹاؤن فری شٹل سروس کے ذریعے سٹیڈیم تک لایا جائے گا، ایشیا کپ کا میلہ 15 سال بعد پاکستان میں سجے گا، ملتان انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں 35 ہزار شائقین کی بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے، افتتاحی میچ کے 70 فی صد ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز نیپال کیخلاف قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا تھا، ٹیم میں کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان، فخرزمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دوسرے میچ میں 31 اگست کو کینڈی میں بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 2 ستمبر کو کینڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ ایشیاء کپ کا فائنل 17 ستمبر کو کولمبو میں ہوگا۔

ایشین کرکٹ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 50 اوورز فارمیٹ کا یہ ٹورنامنٹ 30 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔ ایشیاء کپ کے 13 میچوں کے لیے 4 وینیوز کا انتخاب کیا گیا ہے۔

جن میں سے پاکستان چار میچوں کی میزبانی کرے گا۔ ملتان میں ایک جبکہ لاہور میں تین میچ کھیلے جائیں گے۔ سری لنکا میں 9 میچز ہوں گے جن میں سے کینڈی میں 3 اور کولمبو میں 6 میچز کھیلے جائیں گے۔

سری لنکا میں کینڈی پہلے راؤنڈ کے تین میچوں کی میزبانی کرے گا جس کے بعد کولمبو میں سپر فور مرحلے کے پانچ میچوں کے علاوہ 17 ستمبر کو ہونے والا فائنل بھی کھیلا جائے گا۔

Share With:
Rate This Article