مولانا طارق جمیل کا صاحبزادہ گولی لگنے سے جاں بحق
Image

میاں چنوں:(سنونیوز) معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کا صاحبزادہ مولانا عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا، پولیس نے ان کے جاں بحق ہونےکی تصدیق کر دی ہے۔

ڈی ایس پی میاں چنوں سلیم مارتھ کے مطابق مولانا عاصم جمیل نے اپنے سینے پر گولی ماری۔ مولانا عاصم جمیل کو تشویشناک حالت میں تلمبہ رورل ہیلتھ سنٹر پہنچایا گی،  تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے۔ ڈی ایس پی میاں جنوں کے مطابق مولانا عاصم جمیل کی خود کشی کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے تاہم پولیس کی تحقیقات جاری ہے۔

بیٹے کی وفات پر معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کی جانب سے ٹویٹ کی گئی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ انا للہ وانا الیہ راجعون آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے۔ اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا۔ آپ سب سے گزارش ہے کہ اس غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں. اللہ میرے فرزند کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

دوسری جانب صوبہ پنجاب کے انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر عثمان انور  نے  مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے کی مبینہ خود کشی کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے  کہا ہے کہ موقع سے ملنے والے شواہد اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں اس واقعے کی وجوہات کا تمام پہلوئوں سے تعین کیا جائے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نےاس واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں مولانا طارق جمیل اور ان کے اہلخانہ سے جواں سال فرزند عاصم جمیل کی وفات پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ ایکس پلیٹ فارم پر جاری اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے لکھا کہ اس حادثے پر ہم سب آپ کے غم میں شریک ہیں۔ یقیناً یہ ایک ناقابل برداشت غم ہے۔ہماری دعائیں اور ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین۔

استحکام پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معروف مذہبی سکالر میاں طارق جمیل صاحب کے بیٹے عاصم جمیل کے انتقال کی خبر سن کر دلی دکھ ہوا۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو یہ گہرا صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ آمین

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے بھی معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے فرزند کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مولانا طارق جمیل کے فرزند کے انتقال پر دلی رنج کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ مولانا طارق جمیل اور اہلخانہ کو اس مشکل گھڑی میں صبر عطا فرمائیں۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مولانا طارق جمیل کے جواں سال بیٹے کا جاں بحق ہونا ایک باپ کے لئے ناقابل برداشت صدمہ ہے۔ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین۔