ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کرتے ہیں: فضل الرحمان
Image

کوئٹہ :(سنونیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کااعلان کرتے ہیں،آزادی کی جنگ میں فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں الاقصٰی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی آزادی کے لیے فلسطین کی بھرپور حمایت کرتے ہیں،آج کا اجتماع اسرائیل اور امریکا کے لیے پیغام ہے۔میں  اس اجتماع سے دنیا بھر کی یہودی لابی کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ تم نے پاکستان میں جس ایجنٹ کو بھیجا تھا ہم نے اسے شکست دے دی ہے،آئندہ بھی اگر کوئی یہودی ایجنٹ پاکستان آیا تو اسے شکست دیں گے،آج وہ ایجنٹ مکافات عمل کا شکار ہے،اسرائیل کو بھی شکست دیں گے۔

مولانا فضل الرحمان کاکہنا تھا کہ جب افغانستان پر امریکا نے حملہ کیا تو جماعت اسلامیہ اور ان کے مجاہدین کے بار ے میں انہوں نے کہاتھا کہ ان کے کوئی حقوق نہیں ہے ،حقوق تو حیوانوں کے بھی ہوتے ہیں تم نے افغانستان کے لوگوں کے حقوق کھائے ،آج اسرائیل بھی فلسطین کے لوگوں کے حقوق پر غاصب بن کر بیٹھا ہواہے۔

مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا اب سپر پاور نہیں رہا ،میں اپنے ملک کے حکمرانوں اور اسٹیبلمشمنٹ سے کہنا چاہتاہوں کہ اپنی گردن سے غلامی کا پٹہ اتار دو،یہ قومی غیرت کا تقاضا ہے کہ اس ظلم کے خلاف کھڑے ہوجائوں ۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تم جنہیں دہشت گرد کہتے ہو ہم انہیں مجاہد کہتے ہیں ،ہم مجاہدین کے شانہ بشانہ اسرائیل سے جنگ کے لیے تیاری ہیں۔مودی اسرائیل کی حمایت میں کھل کر سامنے آ رہاہے،ہم کلمہ گو مسلمان ہیں ،ہم ایک کلمے کے ذریعے اخوت کا پیغام دیتے ہیں کہ ہم مسلمان ایک ہیں۔

خطاب کے دوران مولانافضل الرحمان نے فلسطینیوں اور حماس کےساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لیے عربی زبان میں ان کے لیے پیغام جاری کیا اور ان کے ساتھ مشکل کی اس گھڑی میں ساتھ کھڑے ہونے کے ارادے کا اظہار کیا۔