غیر قانونی افغانیوں کو پاکستان چھوڑنے میں 2 دن باقی
Image
لاہور:(سنو نیوز)غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے میں صرف آخری 2 دن باقی رہ گئے ہیں، 31 اکتوبر تک نکل جانے کی ڈیڈ لائن میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔ جن افراد کے پاس پاکستان میں رہائش کے لیے ضروری ڈاکومنٹس موجود نہیں، انہیں از خود ملک چھوڑنے کا کہا گیا ہے،افغان شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، 28 اکتوبر کو 4572 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے، 174گاڑیوں میں 149 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ۔ اب تک کل 86,546 افغان پناہ گزینوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے،سیکیورٹی فورسز کی بڑے پیمانے پر میپنگ، جیو فینسنگ کے ذریعے مشکوک افراد کی نشان دہی کی گئی ہے۔ حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک میں31 اکتوبر کے بعد مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کر لیا جائے گا۔ افغان مہاجرین نے وطن واپسی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے چالیس سال تک ہمیں پناہ دی، جب ہمارے ملک میں جنگ چل رہی تھی تب ہم پاکستان آئے اور یہاں ہمیں بھائیوں کی طرح رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دعاگو ہیں کہ پاکستان ہمیشہ خوشحال رہے،پاکستان کی بھلائی، استحکام اور سالمیت کے پیش نظر حکومت وقت اور عسکری قیادت نے غیر قانونی پناہ گزینوں کو اپنے ملک واپس جانے کا حکم دیا۔ عسکری قیادت اور حکومت کے فیصلے سے پاکستان میں خوش آئین نتائج مرتب ہونگے۔ یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی ڈیڈ لائن: 48 ہزار سے زائد افغان پناہ گزین واپس جاچکے خیال رہے کہ افغان شہریوں کا وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ 27 اکتوبر کو 153 گاڑیوں میں 310 خاندانوں کے 5046 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے، جن میں 1241 مرد، 1052 خواتین اور 2753 بچے شامل ہیں۔ افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی دونوں ممالک اور خطے کے پائیدار امن کے لئے ناگزیر ہے۔ اس قومی مشن کی تکمیل سے ملکی معیشت، قومی یگانگت اور امن و امان کی صورتحال پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔