کوٹ ڈیجی میں خسرہ کی وبا بے قابو، تین بچے انتقال کرگئے
Image
کوٹ ڈیجی :(سنو نیوز) محکمہ صحت کی مبینہ غفلت لاپروائی کے باعث کوٹ ڈیجی کے نواحی علاقے بیگو خان چانڈیو میں خسرہ کی وبا بے قابو ہوگئی ہے، خسرہ کی بیماری میں مبتلا تین بچے انتقال کر گئے جبکہ سینکڑوں بچے اب بھی موذی بیماری میں مبتلا ہیں ۔ علاقہ مکینوں کے مطابق خسرہ بیماری علاقے میں گذشتہ کئی عرصے سے پھیلی ہوئی ہے جس کی اطلاع محکمہ صحت کو بھی دی گئی مگر حکومت کیطرف سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جسکے باعث تین بچے انتقال کر گئے۔ بچوں کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بالآخر میڈیکل کی ٹیم علاقے میں پہنچ گئی۔ محکمہ صحت کے افسران کے مطابق علاقے میں ٹیموں نے پہنچ کر خسرہ بیماری میں مبتلا بچوں کے خون کے سیمپل لینے اور خسرہ سے بچاؤ کی ویکسینیشن کرنے میں مصروف ہیں، جلد ہی علاقے میں میڈیکل کیمپ قائم کردیا جائے گا۔ دوسری جانب گذشتہ روز پنجاب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 202 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی تھی، رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 8523 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے تھے۔ علی جان خان سیکرٹری صحت لاہور کا کہنا تھا کہ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 3550 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں، لاہور میں گذشتہ روز میں 95 نئے مریض سامنے آئے ہیں، رواں سال راولپنڈی میں ڈینگی کے کل 2153 مریض سامنے آئے تھے۔ راولپنڈی میں گذشتہ روز 20 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، رواں سال ملتان میں ڈینگی کے کل 873 مریض رپورٹ ہوئے، ملتان میں گذشتہ روز 17 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے، رواں سال گوجرانوالہ میں ڈینگی کے کل 639 مریض رپورٹ ہوئے۔ گوجرانوالہ میں گذشتہ روز 41 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی، رواں سال فیصل آباد میں ڈینگی کے کل 384 مریض رپورٹ ہوئے، فیصل آباد میں گذشتہ روز 12 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران شیخو پورہ میں ڈینگی کے پانچ جبکہ حافظ آباد میں تین نئے مریض سامنے آئے، گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران اوکاڑہ اور بہاولپور میں ڈینگی کے دو دو نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران اٹک، سرگودھا، خانیوال، چکوال اور پاکپتن میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا، پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 172 مریض زیر علاج ہیں، ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 80 مریض زیر علاج ہیں ۔ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔