مظفرگڑھ:میپکو کے خلاف احتجاج کرنے والے شہریوں کے خلاف مقدمہ درج
Image

مظفرگڑھ:(سنونیوز) محلہ شیخوپورہ میں بجلی کی لیٹ میٹر ریڈنگ پر احتجاج شہریوں کو مہنگا پڑگیا۔ لیٹ میٹر ریڈنگ پر احتجاجاً میٹر ریڈر سے بحث کرنے والے 8 شہریوں پر تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس ڈی او میپکو فرسٹ کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں شہریوں پر حملہ آور ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے،مقدمے میں موقف اپنایاگیا کہ شہریوں نے حملہ آور ہوکر کار سرکار میں مداخلت کی۔

دوسری جانب متاثرہ شہریوں کا کہنا تھا کہ میٹر ریڈنگ کے لیے تاخیر سے آنے والے میٹر ریڈر سے صرف بحث ہوئی تھی،کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا۔میپکو کی لیٹ میٹر ریڈنگ کے باعث یونٹس کا ٹیرف تبدیل ہونے سے شہریوں کو بلاوجہ ہزاروں روپے کے اضافی بلز بھرنا پڑتے ہیں.

حکومت کی جانب سے بلوں میں ٹیکسوں کی بھرمار کے باعث ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے جس پر پاکستانی عوام سراپا احتجاج ہیں،بجلی کے مہنگے بلوں کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کیا جارہا ہے جس میں عوام احتجاجا اپنے بل نذر آتش کردیتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اجلاس پر اجلاس بلایا گیا تاہم ابھی تک کوئی بھی ایسا فیصلہ یا اقدام نہیں اٹھایا گیا جو احتجاج پر مجبور عوام کے لیے کسی  طور ریلیف کا باعث بن سکے۔