لاڈلے کی سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں ہوئی: شہباز شریف
Image

لاہور: (سنو نیوز)سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ‎لاڈلے کی سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں ہوئی، ‎چیف جسٹس کا گڈ ٹو سی یو اور وشنگ یو گڈ لک کا پیغام اسلاآباد ہائی کورٹ تک پہنچ گیا۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے عمران کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ‎فیصلہ آنے سے پہلے ہی سب کو پتہ ہو کہ فیصلہ کیا ہوگا تو یہ نظام عدل کے لئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اعلی عدلیہ سے واضح پیغام مل جائے تو ماتحت عدالت یہ نہ کرے تو اور کیا کرے؟ ‎نوازشریف کی سزا یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ جج لگا تھا، لاڈلے کو بچانے کے لئے خود چیف جسٹس مانیٹرنگ جج بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ ‎نظامِ عدل کا یہ کردار تاریخ کے سیاہ باب میں لکھا جائے گا، ‎ایک طرف جھکے ترازو اور انصاف کو مجروح کرتا نظام عدل قابلِ قبول نہیں، ‎خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ کر کھانے والے کے سامنے قانون بے بس ہے، ‎چور اور ریاستی دہشت گرد کی سہولت کاری ہوگی توملک میں عام آدمی کو انصاف کہاں سے ملے گا، ‎9 مئی ہو، جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ ہو، پولیس پر پٹرول بم کی برسات ہو، سب معاف۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کر کے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

چیرمین پی ٹی آئی کو 5 اگست کو لاہور زمان پارک سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا۔