بینکوں سے گاڑیوں کی فنانسنگ میں 20 فی صد کمی
Image

لاہور:(سنو نیوز) ذرائع کے مطابق بینکوں سے گاڑیوں کی فنانسنگ مسلسل 13 ماہ سے کمی کا شکار ہے، سالانہ بنیادوں پر کار فنانسنگ میں 20 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔

جولائی 2023 میں آٹو سیکٹر 76 ارب روپے کمی سے 285 ارب روپے کی فنانسنگ کی گئی جبکہ جولائی 2022 میں آٹو سیکٹر میں 361 ارب روپے کی فنانسنگ کی گئی تھی۔ گذشتہ سال جولائی سے آٹو فنانسنگ میں تسلسل سے گراوٹ کا رجحان ہے۔

خیال رہے کہ موٹر کاروں کی درآمدات میں بھی مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر78 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات اورسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے اپریل تک کی مدت میں کاروں کی درآمدات پر57 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 78 فیصد کم ہے۔

گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کاروں کی درآمدات پر263 ملین ڈالرکا زرمبادلہ صرف ہوا تھا، اپریل میں درآمدی کاروں کی درآمد کا حجم 7 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال اپریل کے مقابلہ میں 61 فیصد کم ہے، گذشتہ سال اپریل میں کاروں کی درآمدات پر 19 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔

مارچ کے مقابلے میں اپریل میں کاروں کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 142 فیصد کی نمو ہوئی تھی، مارچ میں درآمدی کاروں کی درآمد کا حجم 3 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اپریل میں بڑھ کر7 ملین ڈالر ہو گیا تھا۔