دنیا بھر میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے مظاہرے
Image

لندن: (سنو نیوز) دنیا بھر میں امن پسند عوام کا فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ لندن اور استنبول میں لاکھوں افراد نے سڑکوں پر مارچ کیا۔ ترک صدرنے بھی مظاہرے میں شرکت کی۔ جنوبی کوریا، سوئٹزرلینڈ اور انڈونیشیا میں ہزاروں افراد نے اسرائیلی بربریت کیخلاف احتجاج کیا۔

برطانوی حکومت کی پابندی کے باوجود لندن میں ایک لاکھ سے زائد افراد فلسطینیوں کی آواز بن گئے۔ ویسٹ منسٹر علاقے میں اسرائیلی جبر کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ بچوں نے کھلونے اٹھا کر فلسطینی بچوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی منظرکشی کی۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل نے غزہ پر میزائل چلا دئیے، شہادتیں 7700 سے تجاوز

ترک صدر رجب طیب اردوان کی کال پر استبول میں لاکھوں افراد نے مارچ کیا۔ صدر اردوان اپنی اہلیہ کے ہمراہ احتجاج میں شریک ہوئے۔ شرکا نے اسرائیل کے وحشیانہ مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی۔

برطانوی شہر لیڈز میں بھی شہریوں نے اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز بلند کی۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ دنیا فلسطینیوں کی نسل کشی رکوائے۔ سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ شرکا نے سوال اٹھایا کہ بچوں اور خواتین کو شہید کیا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کے چیمپئن کہاں ہیں؟

یہ بھی پڑھیں:جنرل اسمبلی: غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور

نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں ہزاروں افراد فلسطینیوں کے حق میں گھروں سے باہر نکل آئے۔ انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں ہزاروں افراد نے عالمی طاقتوں کا ضمیر جھنجھوڑنے کی کوشش کی۔ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں مخلتف قومیتوں کے افراد نے احتجاج اور نعرہ بازی کی۔