حج پر جانے کے خواہش مندافراد کیلئے خوشخبری
Image

اسلام آباد: (سنو نیوز) حج پر جانے کے خواہش مندافراد کے لئے خوش خبری ہے کہ درخواستیں جمع کرانے کا وقت قریب آ گیا ہے۔ سرکاری سکیم کیلئےدرخواستیں نومبر کے وسط تک طلب کر لی جائیں گی۔

وفاقی کابینہ سےحج پالیسی 2024ء نومبرکےشروع میں منظورہونےکاامکان ہے۔ پہلی باراضافی رقم کے ساتھ بیس سےپچیس دن کاشارٹ حج پیکج بھی متعارف کرایاجارہاہے۔ سمندر پارپاکستانیوں کیلئےسپانسرشپ حج سکیم جاری رکھی جائے گی۔ ڈالرز میں ادائیگی کی صورت میں قرعہ اندازی سےاستثنیٰ حاصل ہوگا۔

خیال رہے کہ وزارت مذہبی امور نے حج آپریشن کے لئے وزارت خزانہ سے رابطہ کر لیا ہے۔ ڈالر کا بوجھ کم کرنے کے لئے آئندہ برس بھی اسپانسر شپ اسکیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ آئندہ حج پر 28 کروڑ ڈالرز خرچ ہوں گے۔

ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق سپانسر شپ اسکیم کے تحت 10ہزار عازمین فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔ اسپانسرشپ اسکیم میں شمولیت کے لیے پاکستانی پاسپورٹ لازمی ہو گا۔ اس اسکیم میں حج اخراجات کی رقم ڈالرز میں وصول کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:آئندہ حج پر کتنی رقم خرچ ہوگی؟

دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور ان کے رشتہ داروں اس اسکیم کے تحت حج کرسکیں گے۔ سپانسر شپ اسکیم کے درخواست دہندہ قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے۔2024 ء کے حج کیلئے پا کستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے ۔ اس میں سے50فیصد کوٹہ سرکاری اور 50فیصد نجی حج سکیم کیلئے مختص ہو گا۔

سرکاری حج سکیم کے تحت پہلی مرتبہ قلیل دورانیہ کا پیکج بھی متعارف کروا دیا گیا ہے۔ اب پاکستانی 20سے 25دن کا حج بھی کر سکیں گے۔ ایک ہی خاندان ہونے کی صورت میں عازمین حج کو الگ رہائش دی جائے گی۔وفاقی کابینہ سے نئی حج پالیسی کی منظوری جلد حاصل کر لی جائے گی۔

حج پالیسی 2024 ء منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھیج دی گئی۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت فی کس11لاکھ روپے وصول کئے جائیں گے۔