کرنسی مارکیٹ میں روپیہ دباؤ کا شکار
Image

کراچی:(سنو نیوز) اس ہفتے کرنسی مارکیٹ میں ڈالر اور گولڈ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ اسٹاک مارکیٹ بھی گرین زون میں رہی۔ سرمایہ کار تینتالیس ارب روپے منافع کمانے میں کامیاب ہو گئے۔

تفصیل کے مطابق کرنسی مارکیٹ میں روپے کی پانچ ہفتوں سے قائم اجارہ داری کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ ڈالر نے دو ہفتوں سے جو سر اٹھانا شروع کیا ، اس سے روپے پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ مارکیٹ میں طلب اور رسد میں عدم توازن کے باعث اس ہفتے بھی ڈالر مسلسل مہنگا ہوتا رہا۔

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت ایک روپیہ 77 پیسے اضافے کے بعد 280 روپے 57 پیسے پر بند ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ڈیڑھ روپیہ مہنگا ہو کر 281 روپے 50 پیسے پر پہنچ گیا۔

دوسری طرف رواں ہفتے گولڈ مارکیٹ میں سونا بھی 4 ہزار 950 روپے مہنگا ہو گیا۔ ایک تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 13 ہزار 300 روپے پر پہنچ گئی۔

ادھر اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔ اس ہفتے کیپٹل مارکیٹ میں تیزی رہی۔ ہنڈرڈ انڈیکس میں 212 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ ہفتے کے دوران انڈیکس نے 51 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر لی، لیکن ہفتے کے اختتام پر یہ حد برقرار نہ رہ سکی۔

انڈیکس 50 ہزار 944 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں ایک ارب 80 کروڑ حصص کی تجارت میں ٹریڈرز نے 64 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی اور 43 ارب روپے کا منافع کمایا۔ آئندہ ہفتے مارکیٹ میں تیزی کی توقع ہے۔