کرکٹ ورلڈکپ: آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے میں‌ نیوزی لینڈ کو شکست دیدی
Image

دھرم شالہ: (سنو نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 27 ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 389 رنز کا ہدف دیا تھا۔ کیوی بیٹرز نے یہ ہدف حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کی اور شاندار کھیل پیش کیا لیکن وہ اسے حاصل نہ کر سکی اور بالاخر آسٹریلیا اس میچ میں فاتح قرار پایا۔ 

Newzeland vs Australia Live Score Updates - Cricket World Cup 2023

بھارت کے شہر دھرمشالہ کے ہماچل پردیش اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیوی بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 65 گیندوں پر 81 رنز بنائے اور وہ فلپس کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، ٹریوس ہیڈ نے 67 گیندوں پر 109 رنز بنائے اور وہ بھی گلین فلپس کا شکار بنے۔ آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 228 کے سکور پر گری، اسٹیون اسمتھ 18 رنز بنا کر فلپس کی گیند پر بولٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، مچل مارش نے 36 رنز بنائے اور وہ مچل سینٹنر کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 274 کے مجموعی سکور پر گری، مارنس لیبشگن 18 رنز بنا کر مچل سینٹنر کی گیند پر رویندرا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ 325 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ گری، گلین میکس ویل نے 24 گیندوں پر 41 رنز بنائے اور وہ نیشم کی گیند پر بولٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

جوش انگلس نے برق رفتار 38 رنز بنائے اور وہ بولٹ کی گیند پر فلپس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، آسٹریلیا کی آٹھویں وکٹ پیٹ کمنز کی گری انہوں نے 14 گیندوں پر 37 رنز بنائے، انہیں بھی بولٹ نے آؤٹ کیا۔ کینگروز کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 2 اوورز میں 388 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کیوی ٹیم کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور گلین پلپس نے 3، 3 جبکہ مچل سینٹنر نے 2 اور میٹ ہنری اور جیمز نیشام نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری اور بڑے ہدف کا جوانمردی سے مقابلہ کیا۔ راچن رویندرا مرد میدان ٹھہرے اور 9 چوکوں ، 5 چھکوں کی مدد سے 116 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کیلئے ٹارگٹ کو آسان کیا۔ دیگر بلے بازوں میں جیمز نیشام 58 جبکہ ڈیرل مچل 54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کیوی بلے بازوں نے جیت حاصل کرنے کیلئے سر توڑ کی بازی لگائی لیکن وہ اسے حاصل نہ کر سکی۔ ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 383 رنز بنائے۔ یوں آسٹریلوی ٹیم نے پانچ رنز سے فتح اپنے نام کی۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم کا کہنا تھا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل کھیلنے کی راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں، نیوزی لینڈ کی جانب سے ایک تبدیلی کی گئی مارک چیپ مین کی جگہ جیمز نیشم کو شامل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ کھلاڑی فارم میں ہیں، مسلسل دو میچوں میں کامیابی سے اعتماد بحال ہوا ہے، میچ میں جیت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔