
اسلام آباد:(سنو نیوز) وزارت اطلاعات نےنگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے ایسوسی ایٹڈ پریس کو دیئے گئے انٹرویو پر باضابطہ بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتیں انتخابات میں حصہ لینے کے لئے آزاد ہیں۔
وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئین اور مروجہ انتخابی قوانین کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں حصہ لینے کا مساوی حق حاصل ہے۔نگران وزیراعظم کے ایسوسی ایٹڈ پریس کو انٹرویو میں ریمارکس کو غلط رپورٹ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم تجویز کر رہے تھے کہ انتخابات میں حصہ لینا ایک حق ہے لیکن جرائم پر سزا قانونی طور پر جائز ہے۔یہ امر افسوسناک ہے کہ انٹرویو کے ایک حصہ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ یہ غلط تاثر دیا گیا کہ کسی مخصوص شخص کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزارت اطلاعات نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے انٹرویو کے متن کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہم ذاتی انتقام نہیں لے رہے، اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ قانون سب سے اہم ہے، چاہے عمران خان ہو یا کوئی اور سیاستدان، ملکی قوانین کی خلاف ورزی پر قانون لاگو ہوگا۔
وزارت اطلاعات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم نے کہا تھا کہ شفاف انتخابات عمران خان یا ان کی پارٹی کے سینکڑوں ارکان کے بغیر ہو سکتے ہیں جو توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر جیلوں میں ہیں۔
بیان کے مطابق یہ اس تشدد کا حوالہ ہے جب9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ انوار الحق کاکڑ نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ عمران خان کی پارٹی کے ہزاروں لوگ جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں، سیاسی عمل چلائیں گے، وہ انتخابات میں حصہ لیں گے۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کے رہنما کسی بھی دوسری جماعت کی طرح انتخابات میں حصہ لینے کے لئے آزاد ہیں۔پی ٹی آئی یا پارٹی کے کسی بھی رہنما کے الیکشن لڑنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ شہری قانون کے سامنے برابر ہے اور قانونی الزامات کا سامنا کرنے والے کسی بھی فرد کے حوالے سے قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔
خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے بغیر الیکشن کی اہمیت نہ ہونے کے برابر ہے۔ اگر پی ٹی آئی کو الیکشن نہ لڑنے دیا گیا توانتخابات بے معنی اور بے وقعت ہو جائیں گے۔ہماری نیت اور دامن صاف ہے،ہم بے قصور ہیں۔
404 - Page not found
The page you are looking for might have been removed had its name changed or is temporarily unavailable.
Go To Homepage