کراچی :غیرت کے نام پر باپ کے ہاتھوں بیٹی آشنا سمیت قتل
Image

کراچی:(ویب ڈیسک)کراچی کے علاقے سچل میں قتل کا لرزہ خیز واقعہ، غیرت کے نام پر باپ اور بیٹے نے فائرنگ کرکے بیٹی اور آشنا کو قتل کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ کے قریب بھکر گوٹھ کے علاقے میں ڈاکٹر رفیق شیخ نے اپنے بیٹے عبداللہ کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر اپنی بیٹی 17 سالہ لاریب اور اس کے دوست حسن کو فائرنگ کرکے موت کی نیند سلادیا۔

جاں بحق ہونے والا نوجوان حسن جمعے کی صبح 6 بجے کے قریب اپنی دوست لاریب کو ویگوڈالے میں گھر کے باہر چھوڑنے کہ سی دوران لڑکی کے باپ اور بھائی نے دیکھ لیا اور انہوںنے گھر سے پستول لاکر ویگو پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں لڑکا موقع ہی پر جاں بحق ہوگیا جب کہ لڑکی زخمی ہوگئی۔

والد زخمی بیٹی کو علاج معالجے کے لیے اسپتال لے جانے کی بجائے بجائے گھر لے آئے، اسی دوران لڑکی زیادہ خون بہ جانے کی وجہ سے دم توڑ گئی،باپ بیٹے نے واقعے کے بعد تھانے پہنچ کر اپنی گرفتاری دیدی۔

لڑکی کے والد ڈاکٹر رفیق شیخ کی جانب سے پولیس کو دئیے جانے والے بیان کے مطابق میں 19 گریڈ کا افسر اور قطر اسپتال میں تعینات ہوں۔ میں نے اپنی بیٹی سے پوچھا یہ لڑکا کون ہے، جس پر اس نے تسلی بخش جواب نہیں دیا۔ اس دوران حسن سے تکرار ہوگئی اور میں نے طیش میں آگر فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق ملزم اور اس کے بیٹے سے 2 نائن ایم ایم پستول بھی برآمد ہوئے ہیں، جس کے لائسنس کی تصدیق کی جارہی ہے۔ مقتول گلشن اقبال کا رہائشی اور طالب علم تھا ۔