حماس نے اسرائیل کا غزہ پر زمینی حملہ پسپا کر دیا
Image
غزہ: (سنو نیوز) حماس کے القسام بریگیڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیل کا غزہ پر زمینی حملہ پسپا کر دیا ہے، اس جھڑپ میں اسرائیل کا ایک ٹینک اور دو بلڈوزر تباہ ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ٹیلی گرام میسجنگ ایپ کے توسط سے جاری کردہ بیان میں حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے عسکری ونگ ’القسام بریگیڈ‘ نے غزہ کی پٹی میں خان یونس کے قریب اسرائیلی زمینی حملے کو پسپا کر دیا ہے جس میں ایک اسرائیلی ٹینک اور دو بلڈوزر تباہ ہو گئے ہیں۔ ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر جاری ایک بیان میں ’القسام بریگیڈ‘ نے کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے خان یونس کے مشرق میں واقع ایک علاقے میں اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑی کو اس وقت گھات لگا کر نشانہ بنایا جب وہ غزہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ جنگجوؤں نے بہادری سے اسرائیل کی دراندازی کو ناکام بنایا ہے، جبکہ اسرائیلی فوج کے فرار ہوتے ہوئے ایک ٹینک اور دو بلڈوزر کو تباہ کر دیا گیا ہے، جنگجو کامیاب کارروائی کے بعد بحفاظت اپنے ٹھکانوں پر آگئے ہیں۔ اسرائیلی بمباری سے مزید 56 فلسطینی شہید یاد رہے کہ اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں فلسطینیوں کی تعداد 4651 تک پہنچ گئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 14 ہزار 245 ہوگئی۔ غزہ کی پٹی میں حماس کے میڈیا آفس کے مطابق پٹی میں بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 14 لاکھ ہوگئی ہے۔ ان میں سے نصف پناہ گاہوں میں ہیں، دیگر بے گھر افراد رشتہ داروں، دوستوں، عوامی سہولیات اور دیگر کی میزبانی کے اجتماعات میں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹی میں 50 فیصد ہاؤسنگ یونٹس کو بمباری سے نقصان پہنچا، تقریباً 20,000 ہاؤسنگ یونٹس مکمل طور پر منہدم ہو گئے یا ناقابل رہائش بن گئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ جنوبی علاقوں میں نقل مکانی کرنے کے بعد دسیوں ہزار بے گھر افراد غزہ شہر اور شمالی غزہ کی پٹی میں اپنی رہائش گاہوں کو واپس چلے گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جان بوجھ کر انہیں ان کی نقل مکانی کے مقامات پر نشانہ بنایا۔ حالانکہ ان مقامات کے متعلق دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ یہ محفوظ مقامات ہیں۔ مصری حکام نے 40 انسانی امدادی ٹرکوں کو رفح راہداری کے ذریعہ غزہ کی پٹی میں بھیجنے کی تیاری کر لی ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اس رفح گزرگاہ کے ذریعے اتوار کے روز طبی امداد اور ادویات سے لدے 17 ٹرک غزہ کی پٹی میں داخل ہوتے دیکھے گئے۔ ہفتے کے روز اس کراسنگ سے 20 ٹرک غزہ میں داخل ہوئے تھے۔ امدادی قافلوں میں تمام ماہرین کے ڈاکٹر، ادویات، طبی آلات، سانس لینے والے آلات ، الیکٹرک شاک مشینیں، دائمی بیماریوں کی دوائیں، سرجیکل سپلائیز، بچوں کی فارمولا خوراک، آکسیجن ٹیوبز اور خون کے بیگ شامل ہیں۔ رفح گزرگاہ پر غزہ داخلے کی اجازت کے منتظر 175 امدادی ٹرک مصر میں کھڑے ہیں۔ واضح رہے کہ اس حملے کے بعد اسرائیل نے 2007 سے غزہ کی پٹی پر مسلط کردہ محاصرے کو مزید سخت کر دیا ہے۔ اسرائیل نے غزہ کی پٹی کو ایندھن، پانی، ادویات اور خوراک کی سپلائی کو بھی معطل کر دیا ہے۔