جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز نے ایک دہشتگرد کو جہنم واصل کردیا
Image

راولپنڈی: (سنو نیوز) سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد کو جہنم واصل کردیا ہے۔ یہ آپریشن لدھا کے علاقے میں کیا گیا۔

تفصیل کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔ ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز جنوبی وزیرستان کے علاقے اثمان منزہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلےمیں 4 دہشتگرد جہنم واصل ، دو زخمی جبکہ دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کا ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر علاقہ کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ افواج پاکستان وطن عزیز سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمہ کے لیے پرعزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

کچھ دنوں پہلے بھی سیکیورٹی فورسزنے جنوبی وزیرستان اور خیبر میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا تھا۔ فورسز نے شرپسندوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا، فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد مارے گئے تھے جبکہ دہشتگردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر کی طرف سے بیان میں کہا گیا ہے کہ 27 جولائی کو خیبر ضلع کےعلاقے باغ میں افواج پاکستان اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جوانوں نے دہشتگردوں کے ٹھکانے پر فائرنگ کی اور ایک دہشتگرد کو ماردیا تھا۔

اسی طرح 28 جولائی کو جنوبی وزیرستان کے علاقے گومل زام میں فوج اور دہشتگردوں کے مابین ایک اور مقابلہ ہوا جس میں 2 دہشتگرد جہنم واصل ہوئے، ہلاک ہونے والے دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے قتل میں ملوث پائے گئے تھے۔